اندور؍بھوپال،17ستمبر ( آئی این ایس انڈیا ) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے راجیہ سبھا کی امیدواری سے انکار کردیاہے۔ انہوں نے اشارتاً کہا کہ وہ الیکشن لڑ کر ہی رکن پارلیمنٹ بنیں گے۔ وجے ورگیہ اندور میں پی ایم نریندر مودی کی سالگرہ سے متعلق پروگراموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ نندکمار چوہان کی موت کی وجہ سے کھنڈوا سیٹ خالی ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے ابھی تک اس کے لیے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے جنرل سکریٹری کا بیان اسی طرف اشارہ ہے۔ وہ اس نشست کے لیے دعویٰ پیش کر رہے ہیں۔
یہی نہیں اتراکھنڈ اور گجرات میں سیاسی تبدیلی پر وجے ورگیہ نے میڈیا سے کہا کہ تبدیلی کہیں بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر مدھیہ پردیش میں سیاسی تبدیلی کو مسترد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی میں قیادت تبدیل کرنے کی روایت پہلے سے موجود ہے۔ان کا صاف جواب تھا، لیڈر بدلنے سے نظریہ نہیں بدلتا۔میڈیا کے ایک سوال پر وجے ورگیا نے راہل گاندھی پر بھی طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اپوزیشن کو قیادت کا بحران ہے ۔ اس کے لیے کئی چہرے آزمائے گئے ۔ انہوں نے پرشانت کشور اور کنہیا کمار کو بھی نشانہ بنایا۔